کاروبار

بجلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 1.89 روپے اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں 78 پیسے سستی ہونے کا امکان

بجلی کی پیداواری کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے ترمیمی معاہدے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ ہیں، پاور ڈویژن

بجلی کی قیمت میں سہ ماہی ایڈجسمنٹ میں ایک روپے 89 پیسے فی یونٹ جبکہ ماہانہ ایڈجسمنٹ کی مد میں 78 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق کمی گذشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی اور جون کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملے گی۔

اعلامیے کے مطابق ڈسکوز نے اپریل تا جون 2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کروائی، نیپرا نے اس درخواست پر 4اگست 2025کو سماعت کی تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کمی اگست، ستمبر، اکتوبر کے بلوں میں ملے گی، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمتوں میں ایک روپے89 پیسے فی یونٹ کی کمی متوقع ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی پیداواری کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے ترمیمی معاہدے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ ہیں۔