پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کے کھانے سے لال بیگ نکلنے پر اسپیکر قومی اسمبلی کا سخت نوٹس
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کے کھانے سے لال بیگ نکلنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کے انتظامیہ کا کنٹریکٹ منسوخ کیے جانے کی تصدیق کردی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کے کھانے سے لال بیگ نکلنے کا نوٹس لیا تھا اور انتظامیہ کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ اسٹاف کے لیے بھی کیفے ٹیریا کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا ہے۔
اسمبلی حکام نے بتایا ہے کہ کھانے سے کاکروچ نکلنے کا واقعہ 10 دن پرانا ہے، جب کہ اچھی شہرت کے حامل نئے کنٹریکٹر کو ٹھیکہ دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو ایک رکن اسمبلی نے بنائی تھی جس میں چند لال بیگ روٹی کے ارد گرد گھومتے دکھائی دے رہے تھے۔
ارکان اسمبلی نے پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کے کھانے سے لال بیگ نکلنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور لابی میں صفائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔