کراچی: بیٹے کی فائرنگ سے باپ، بھائی اور بھابھی قتل، ملزم گرفتار
کراچی کے علاقے جمشید کوارٹرز کی حیدرآباد کالونی میں ایک ریٹائرڈ پروفیسر، ان کے بیٹے اور بہو کو ان کے اعلیٰ تعلیم یافتہ بیٹے نے مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق 74سالہ نعمت اللہ، ان کے بیٹے عامر اور اس کی بیوی کو گھر کے اندر اعجاز نے مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کر دیا۔
جمشید کوارٹرز پولیس کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) انصر احمد بٹ نے ڈان کو بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے فیملی کے تین افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
ایس ایچ او انصر بٹ نے کہا کہ جب پولیس پارٹی فوری موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ مسلح ملزم فرار ہو رہا تھا، پولیس کو دیکھ کر ملزم نے فائرنگ کی لیکن خوش قسمتی سے پولیس اہلکار محفوظ رہے، تاہم ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور گھناؤنے جرم میں استعمال ہونے والی پستول بھی برآمد کر لی۔
ممکنہ محرک کے حوالے سے افسر نے کہا کہ ملزم نے کراچی کے ایک ممتاز ادارے سے ایم بی اے کیا تھا، وہ دبئی میں کام کر چکا تھا اور حال ہی میں اپنے خاندان کے ہمراہ واپس آیا تھا، ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے دعویٰ کیا کہ خاندان نے اس کے اوپر ’جادو‘ کرایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اس بات کی تحقیقات کی جائے گی کہ آیا ملزم جذباتی پریشانیوں کا سامنا کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ ایک نرم دل اور حیدرآباد کالونی میں معروف شخصیت تھے اور نیشنل کالج کے سابق پروفیسر تھے۔
لاشیں قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال کراچی منتقل کر دی گئیں۔