پاکستان

تنگوانی: غیرت کے معاملے پر قبائلی جھگڑے میں شدید فائرنگ، نوجوان اور خاتون جاں بحق

داد محمد میرانی گاؤں میں قبیلے کے دونوں گروپوں میں طویل عرصے سے دشمنی تھی، منگل کو ہتھیاروں کیساتھ آمنے سامنے آگئے، گولیاں لگنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔

سندھ کے ضلع کندھ کوٹ-کشمور کی تحصیل تنگوانی کے داد محمد میرانی گاؤں میں میرانی قبیلے کے دو حریف گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون اور ایک نوجوان جاں بحق ہو گئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق مقامی لوگوں اور علاقے کی پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کے درمیان ’غیرت‘ کے معاملے پر طویل عرصے سے دشمنی چلی آ رہی تھی، منگل کے روز انہوں نے جدید ہتھیار اٹھائے اور ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد گولی لگنے سے زخمی ہوئے جن میں سے دو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت علیشہ میرانی اور 20 سالہ اسد میرانی کے طور پر ہوئی ہے، جب کہ زخمیوں میں سے ایک غلام نبی بتایا گیا ہے۔

دونوں گروپوں نے اپنی اپنی رہائش گاہوں میں مورچے سنبھال لیے اور وقفے وقفے سے فائرنگ رات گئے تک جاری تھی۔

غوث پور پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے بتایا کہ گاؤں کے ارد گرد نفری تعینات کر دی گئی ہے اور اہلکار صورت حال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔