اسکردو: کشتی الٹنے سے کراچی سے تعلق رکھنے والا جوڑا جاں بحق، 15 سالہ بیٹا بچ گیا
اسکردو کے علاقے کچورا میں کشتی الٹنے کے واقعے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کے جاں بحق ہوگئے اور ان کا 15 سالہ بیٹا زندہ بچ گیا، خاتون کی لاش نکال لی گئی جبکہ ان کے شوہر کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے افسر غلام محمد نے ڈان کو بتایا کہ متاثرہ خاندان کراچی سے اسکردو کے سوک ویلی میں کچورا کے تفریحی دورے پر آیا تھا۔
دوپہر 4 بجے جب وہ دریا میں رافٹنگ کر رہے تھے، تو ان کی کشتی الٹ گئی، حادثے میں 2 آپریٹرز اور 15 سالہ لڑکا محفوظ رہے جبکہ خاتون کی لاش نکال کر سی ایم ایچ اسکردو منتقل کر دی گئی ہے، ان کے شوہر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ایس ایس پی اسکردو پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر موجود رہے، ریسکیو 1122 اسکردو کے جاری کردہ بیان کے مطابق کشتی الٹنے کے اس افسوسناک واقعے میں 2 افراد لاپتا ہوئے، فوری کارروائی کے دوران ریسکیو غوطہ خوروں نے ایک خاتون کی لاش نکال لی، جبکہ دوسرے لاپتا فرد کی تلاش جاری ہے۔
ایمرجنسی آفیسر اسلام الدین کی نگرانی میں ریسکیو ٹیمیں تمام دستیاب وسائل کے ساتھ لاپتا سیاح کی تلاش میں مصروف ہیں، تلاش کا عمل دوسرے دن بھی جاری ہے۔