پاکستان

برطانوی ہائی کمشنر پی آئی اے کی مداح نکلیں، دوران پرواز ویڈیو جاری کردی

کراچی سے اسلام آباد تک پی آئی اے کی پرواز کا شاندار تجربہ رہا، وہ جلد ہی پی آئی اے کے ذریعے براہ راست مانچسٹر کا سفر کریں گی، جین میریٹ کی ویڈیو میں گفتگو

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی مداح نکلیں، انہوں نے کراچی سے اسلام آباد سفر کی ویڈیو جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی سفیر نے پی آئی اے کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوئیں، اس دوران جین میریٹ نے پی آئی اے کے ساتھ اپنے یادگار سفر کی ویڈیو بھی جاری کی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ’کراچی سے اسلام آباد تک پی آئی اے کی پرواز کا شاندار تجربہ رہا‘۔

انہوں نے لکھا کہ برطانیہ نے پاکستان پر عائد فضائی پابندی ختم کر دی ہے اور یہ ایک اہم سنگِ میل ہے جو پاکستان اور برطانیہ کے ہوا بازی ماہرین کی بین الاقوامی حفاظتی معیار پر پورا اترنے کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔

اپنی ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی پی آئی اے کے ذریعے براہ راست مانچسٹر کا سفر کریں گی۔

دوران پروز، پی آئی اے کے کپتان نے جہاز کے کاک پٹ کا دورہ کروایا اور انہیں پرواز کے بارے میں بریفنگ دی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر سی ای او پی آئی اے نے برطانوی سفیر کو اعزازی ہوا باز بناکرکپتان کی کیپ پیش کی جب کہ سی ای او پی آئی اے نے پروازوں کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر برطانوی سفیر کو خراج تحسین پیش کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے پی آئی اے کے لیے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔