سبی: ریلوے ٹریک کے قریب دھماکا، جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی
ٹرین 10 منٹ قبل جائے وقوع سے گزر چکی تھی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی۔
سبی میں ریلوے ٹریک کے قریب دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق سبی میں ریلوے ٹریک سگنل کے قریب زور دار دھماکا ہوا، تاہم خوش قسمتی سے پنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین 10 منٹ قبل گزر چکی تھی۔
دھماکے کے فوراً بعد راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو احتیاطی تدابیر کے طور پر سبی ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
واقعے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے، تاہم ریلوے حکام نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیرنس ملنے کے بعد ٹرینوں کو اپنی منزل کی جانب روانہ کردیا ہے۔