عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کی 14 اگست کی احتجاج کی کال افسوسناک قرار دیدی
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 14 اگست کی احتجاج کی کال افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بار جشن آزادی پر کسی سیاسی جماعت کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان بہتری کی جانب گامزن ہوتا ہے تو فسادی گروپ سرگرم ہوجاتا ہے، فسادیوں کو ملکی ترقی اور سفارتی کامیابیوں سے جلن ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو 14 اگست کو اپنے گندے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس بار جشن آزادی پر کسی سیاسی جماعت کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت سے جنرل عاصم منیر کے دشمن بنے جب سے انہوں نے بشری بی بی کی کرپشن کی نشاندہی کی تھی۔
تحریک انصاف کے احتجاج سے متعلق عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم تو پی ٹی آئی ورکرز کا انتظار کرتے رہے کہ وہ سڑکوں پر آئیں لیکن ان کے لیڈر ان تو خود پولیس ویگنوں میں بیٹھتے رہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ 7 اگست سے پورا ہفتہ معرکہ حق یوم آزادی منائیں گے اور 14 اگست کا پلان یہ ہے کہ اس بار مختلف جشن آزادی ہوگا۔
دوسری جانب، صوبائی وزیر رامیشن سنگھ اروڑا کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ اقلیت سر کا تاج ہیں ان کا احساس کمتری ختم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے قومی پرچم میں اقلیت کے رنگ کے بغیر پاکستان کا جھنڈا مکمل نہیں اقلیتیں سرکاتاج ہیں اور وہ قوتیں جو کہتی ہیں اقلیت محفوظ نہیں تو بتا دینا چاہتے ہیں اقلیت محفوظ اور بہت خوش ہیں۔