پاکستان

جماعت اسلامی 21 تا 23 نومبر لاہور میں اجتماع عام منعقد کریگی، حافظ نعیم الرحمٰن

آنے والے دنوں میں بہت بڑی تحریک شروع کررہے ہیں، سندھ میں کچے پکے کے ڈاکوؤں کے خلاف ہمارا اجتماع عام بڑی تحریک بن کر ابھرے گا، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے 21 سے 23 نومبر تک لاہور میں جماعت اسلامی کا عظیم الشان اجتماع عام منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی آنے والے دنوں میں بہت بڑی تحریک شروع کررہی ہے، جماعت اسلامی تاریخی عظیم الشان اجتماع کرکے اپنا لائحہ عمل دے گی، جماعت ملک کے لیے ایک بہترین آپشن بن کر سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک سے مایوس ہیں کیونکہ نوکریاں نہیں، کوئی مستقبل نہیں، ملک میں غریب کے لیے تعلیم کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں، اگر نوجوانوں نے تعلیم حاصل بھی کرلی تو انہیں روزگار ہی نہیں ملتا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک میں مخصوص طبقہ ہم سے جمہوری آزادی چھینتا اور معیشت کو برباد کرتا ہے، پاکستان میں مزدوروں کو کوئی حقوق حاصل نہیں، 10 فیصد مزدور بھی رجسٹرڈ نہیں، صحت و تعلیم کے حقوق ہی نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے بے نظیر انکم سپورٹ قوم کو بھکاری بنانے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کا پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین سے ٹھیکیداری نظام کے تحت کام لیا جاتا ہے انہیں تو ملازمت کے حقوق بھی حاصل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمراں، ٹرمپ کے درپر جاکر تعریفیں کرتے ہیں، فلسطین میں مظالم پر یورپ بھر میں احتجاج جاری ہیں، جب ظلمت کے پردے ہٹے ہیں تو سب سڑکوں پر آگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان پر فلسطینی تحاریک کی جماعتوں اور رہنماؤں کو اپنے پلیٹ پر بلائیں گے، بحرانوں کا نظام عالمی سطح پر ہے، اب عالمی نظام کی ضرورت ہے جو انسانیت کو پیغام دے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ 78 سال کے بعد ججز بھی کہتے عدالتیں انصاف نہیں دیتیں، گلا سڑا عدالتی نظام ہے، 26ویں ترمیم پاس کروانے والے مجرم ہیں، الیکشن کمیشن خود نااہل ہے وہ نااہلی کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہا ہے، الیکشن کمیشن عملاً الیکشن کے علاوہ ہر کام کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 10 ہزار امن کمیٹیاں بنا دی ہیں جو 30 ہزار تک بڑھائیں گے، جماعت اسلامی مسلک پرستی یا قوم پرستی پر یقین نہیں رکھتی، بلوچستان کی تحریک شروع کی لاہور اوراسلام آباد میں مقدمہ لڑا، سندھ میں کچے پکے کے ڈاکوؤں کے خلاف ہمارا اجتماع عام بڑی تحریک بن کر ابھرے گا۔