وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی شراکت اقتدار پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، جس میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے شراکت اقتدار کے حوالے سے معاملات پر گفتگو ہوئی، سیاسی اور امن وا مان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی اور امن وامان کی صورت حال پر بھی مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے شراکت اقتدار کے حوالے سے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔
دوران ملاقات بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے ان کے کزن میاں شفیع کے انتقال پر تعزیت اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔
وزیراعظم سے ملاقات میں بلاول بھٹو کی زیرقیادت وفد میں خاتون اول آصفہ بھٹو، اور سینیٹر شیری رحمٰن شامل تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار، اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔
قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔