تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 3 فٹ رہ گئی، اسپل ویز کھول دیے گئے
تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 3 فٹ رہ جانے پر اسپل ویز کھول دیے گئے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آبادی کو سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کا الرٹ جاری کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ضلع ہری پور میں واقع تربیلا ڈیم میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پانی کی سطح بڑھ گئی، ڈیم میں پانی کے ذخیرے کی گنجائش 3 فٹ رہ جانے پر اسپل ویز کھول دیےگئے۔
انتظامیہ کے مطابق تربیلا ڈیم میں اس وقت پانی کی سطح 1546.56 فٹ جبکہ پانی ذخیرہ کرنےکی گنجائش 1550فٹ ہے۔
انتظامیہ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد2 لاکھ 18 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 56 ہزار 500 کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے نے آبادی کو سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کا الرٹ جاری کردیا ہے جس کے بعد انتظامیہ نے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ دریاؤں اورندی نالوں کےقریب جانےسےگریز کریں۔
انتظامیہ کی جانب سے دریائے سندھ اور دیگر آبی گزرگاہوں کے اطراف مکینوں کو احتیاط برتنےکی ہدایت کی گئی ہے۔