پاکستان

بہت نفرت دیکھ لی، اب مزید کسی کو نفرت نہیں پھیلانے دیں گے، شرجیل میمن

انسانی جان کاضیاع ناقابلِ تلافی ہے تاہم تشدد، توڑ پھوڑ مسائل کا حل نہیں، سندھ حکومت ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل حل کرے گی، شرجیل میمن کی راشد منہاس حادثے کی مذمت

وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ ملک نے بہت نفرت دیکھ لی، اب مزید کسی کو نفرت نہیں پھیلانے دیں گے اور کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ نے راشد منہاس واقعے کی شدید الفاظ مین مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جانیں لینے والے ڈمپر ڈرائیور کیخلاف ایکشن ہوگا۔

انہوں نے واقعے کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جان کا ضیاع ناقابلِ تلافی ہے، ہمارے لیے انتہائی افسوسناک ہے تاہم تشدد اور توڑ پھوڑ مسائل کا حل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کےساتھ ملکر ٹرانسپورٹ سیکٹر کے مسائل حل کریں گے، اس بات کویقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ ملک نے بہت نفرت دیکھ لی، اب مزید کسی کو نفرت نہیں پھیلانے دیں گے اور کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے اور فسادات کو ہوا دینے والوں پر انسداد دہشت گردی کے مقدمات ہوں گے جب کہ ڈمپر جلانے والے 14 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے نقصان کے تعین کے لئے کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں،مالکان بھی اپنے ڈمپرز میں کیمرا، ٹریکر، ڈرائیورز کا لائسنس یقینی بنائیں گے۔

اس سے قبل، حکومت سندھ سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے احتجاج ختم کرنےکا اعلان کیا تھا۔

شرجیل میمن نے ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کے دوران حادثے اور پر تشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کیا تھا، ملاقات میں کمشنرکراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ،کراچی پولیس چیف بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ڈمپر نے مزید 2 جانیں نگل لیں، راشد منہاس روڈ پر لکی ون کے قریب ڈمپر نے موٹرسائیکل کو روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں بہن بھائی جاں بحق اور والد زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگادی۔