انسٹاگرام کا نیا ’میپ فیچر‘ اور پرائیویسی کے خدشات: صارفین کو اس حوالے سے کیا جاننا ضروری ہے؟
انسٹاگرام نے اپنا نیا ’میپ فیچر‘ متعارف کرایا ہے، جس کے ساتھ پرائیویسی کے حوالے سے کچھ خدشات بھی سامنے آئے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ صارفین اس فیچر کو استعمال کرنے سے پہلے اپنی پرائیویسی کے تحفظ کے طریقے جان لیں۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے انسٹاگرام نے ایک نیا میپ کا فیچر متعارف کرایا، جس کے ذریعے صارفین اپنی موجودہ لوکیشن منتخب دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر اسنیپ چیٹ کے اسنیپ میپ سے ملتا جلتا ہے اور صارفین کو مقامی مواد دریافت کرنے میں مدد دیتا ہے، تاہم اس فیچر کے ساتھ پرائیویسی کے حوالے سے تحفظات بھی سامنے آئے ہیں۔
انسٹاگرام میپ کا فیچر صارفین کو اپنی موجودہ لوکیشن منتخب دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت دیتا ہے، یہ فیچر صرف اس وقت صارفین کا مقام دکھاتا ہے جب وہ ایپ کھولتے ہیں یا یہ ایپ پس منظر میں چل رہی ہوتی ہے، یعنی یہ مسلسل حقیقی وقت میں مقام کا پتہ نہیں دیتا۔
صارفین کو اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے خود سے اجازت دینی پڑتی ہے اور یہ فیچر ڈیفالٹ طور پر بند رہتا ہے، اگر انہوں نے لوکیشن شیئرنگ بند کر رکھی ہے، تو دوسرے صارفین بھی اپنی لوکیشن ان کے ساتھ شیئر نہیں کر پائیں گے۔
اگرچہ انسٹاگرام میپ کا فیچر صارفین کو لوکیشن شیئر کرنے کی سہولت دیتا ہے، لیکن اس کے ساتھ پرائیویسی کے حوالے سے تحفظات بھی سامنے آرہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے صارفین کا مقام معلوم ہونے سے ہراسانی، اسٹاکنگ یا ذاتی معلومات کے غلط استعمال کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، خاص طور پر خواتین، بچے اور حساس گروہ اس فیچر کے ذریعے اپنی ذاتی معلومات کے افشا کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
تاہم، اگر صارفین انسٹاگرام میپ کا فیچر استعمال کرنا چاہتے ہیں یا اپنی لوکیشن شیئرنگ کی ترتیبات (Settings) کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو درج ذیل اقدامات کریں، سب سے پہلے انسٹاگرام کی ایپ کو کھولیں اور اپنی پروفائل پر جائیں، پھر اوپر دائیں کونے میں موجود تین لائنوں پر ٹیپ کریں۔
اس کے بعد ترتیبات پر جائیں، وہاں پر پرائیویسی کے آپشن پر ٹیپ کریں، پھر لوکیشن شیئرنگ کے آپشن کو منتخب کریں، یہاں سے صارفین اپنی لوکیشن شیئرنگ کی ترتیبات کو حسب ضرورت تبدیل کر سکتے ہیں۔
اگر صارفین اپنی لوکیشن شیئرنگ کو مکمل طور پر بند کرنا چاہتے ہیں تو لوکیشن شیئرنگ کے آپشن کو منتخب کرکے وہاں پر موجود آف کے آپشن پر کلک کریں۔
علاوہ ازیں اگر بچے یا نوجوان انسٹاگرام میپ کا فیچر استعمال کرتے ہیں تو ان کی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ان کے اکاؤنٹس کو پرائیویٹ رکھیں تاکہ صرف منتخب افراد ہی ان کے مواد کو دیکھ سکیں، لوکیشن شیئرنگ کو بند رکھیں تاکہ ان کا مقام کسی کے ساتھ شیئر نہ ہو اور ان کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کریں اور انہیں پرائیویسی کے حوالے سے آگاہ کرتے رہیں۔