پاکستان

کراچی میں ڈمپر مافیا موت بانٹ رہی ہے جس پر کارروائی کی ضرورت ہے، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ

مہاجروں کو جلا دینے کی سوچ ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے، سب شہری برابر، لسانی فساد ناقابلِ قبول ہے، ایم کیو ایم رہنما طحہ احمد خان کا سندھ اسمبلی میں خطاب

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی طحہ احمد خان نے ڈمپر مافیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ڈمپر مافیا موت بانٹ رہی ہے جس پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں جاری اجلاس میں طحہ احمد خان کا کہنا تھا کہ مہاجروں کو جلا دینے کی سوچ ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے، سب شہری برابر ہیں اور لسانی فساد ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے اقلیتوں سے متعلق قرارداد کی غیر مشروط حمایت کی اور ہمیشہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اپنی آواز بلند کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، ڈمپر مافیا سڑکوں پر قیمتی جانیں لے رہی ہیں، جس پر فوری اقدامات اٹھانے کی ضروری ہے۔

ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ نے ڈمپر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈمپر حادثات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو معاوضہ دیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو محفوظ بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق اور ان کے والد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگادی تھی جس پر ڈمپرز ایسوسی ایشن نے سہراب گوٹھ پر احتجاج کرتے ہوئے سپر ہائی وے کر ٹرک اور ٹریلرز کھڑے کرکے بلاک کردیا تھا، تاہم حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا تھا۔