خاتون سے زیادتی کا معاملہ: بھارتی فاسٹ باؤلر پر پابندی عائد
خاتون سے زیادتی کے معاملے پر انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے فاسٹ باؤلر یش دیال پر پابندی عائد کردی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے بھارتی فاسٹ باؤلر یش دیال پر خاتون سے زیادتی کے الزمات پر لیگ کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی۔
رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل میں رائل چینلجرز بینگلور (آر سی بی) کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر یش دیال کا گورکھپور لائنز کے ساتھ معاہدہ تھا۔
تاہم، پابندی کے بعد وہ اب یو پی ٹی20 لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ یش دیال رواں برس 18 سال بعد اپنا پہلا آئی پی ایل جیتنے والی ٹیم رائل چیلنجر بینگلور کا حصہ تھے، جبکہ جولائی میں ان کے خلاف خاتون سے زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
متاثرہ خاتون کی جانب سے بھارتی کرکٹر کے خلاف مقدمہ بی این ایس کی دفعہ 69 (شادی کا جھوٹا وعدہ، دھوکا دہی کے ذریعے جنسی تعلقات) کے تحت درج کیا گیا تھا۔
خاتون نے شکایت میں مؤقف اپنایا تھا کہ اس کا کرکٹر کے ساتھ گزشتہ 5 برس سے قریبی تعلق تھا، یش دہال نے شادی کا جھانسہ دے کر میرا جذباتی، ذہنی اور جسمانی استحصال کیا۔
متاثرہ خاتون نے مزید کہا تھا کہ اُسے بعد میں معلوم ہوا کہ کرکٹر دیگر خواتین کے ساتھ بھی اسی طرح کے تعلقات میں ہے۔
بعد ازاں، بھارتی کرکٹر نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خاتون کے خلاف ہی مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی۔
فاسٹ باؤلر یش دیال نے پریاگ راج پولیس میں خاتون کے خلاف درخواست بھی جمع کرائی تھی جس میں خاتون کے خلاف آئی فون اور لیپ ٹاپ چوری کرنے کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔