نوجوان نے باپ اور سگی بہنوں کو جائیداد کے حصول کیلئے بے رحمی سے قتل کردیا
وفاقی دارالحکومت میں بدبخت نوجوان نے باپ اور دو سگی بہنوں کو جائیداد کے حصول کے لیے بے رحمی سے قتل کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم محمد علی نے پہلے اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاون کی حدود میں ترامڑی چوک پر اپنے والد محمود حسین اور چھوٹی بہن شبنم زہرہ کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا۔
بے رحم قاتل کو باپ اور بہن کو مارنے پر بھی سکون نہ ملا تو وہ اڈیالہ روڈ پر اپنی بڑی بہن انجم زہرہ کے گھر پہنچ گیا جہاں اس نے اپنی بڑی بہن کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔
اس دوران ملزم نے اپنے کم سن بھانجے کی گلے پر بھی چھری چلا دی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور بچے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقتول محمود حسین آئی بی کے ریٹائرڈ ملازم تھے اور مقتولہ انجم زہرہ انٹیلی جنس بیورو اسلام آباد میں کانسٹیبل کے طور پر تعینات تھیں، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔