قومی اسمبلی اجلاس: عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے قرارداد متفقہ طور پر منظور
قومی اسمبلی نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن قومی اسمبلی پیر سید فضل علی شاہ جیلانی کی جانب سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے قرارداد پیش کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر قومی اسمبلی کے آفیشل اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا گیا کہ یہ ایوان 1500ویں عید میلاد النبی ﷺ کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر یہ قرداد پیش کرتا ہے۔
قرداد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اس موقع کو اعلیٰ سطح پر قومی پروگرامز، میلاد النبی ﷺ کی محافل، میڈیا مہمات اور فلاحی اقدامات اور سرکاری و نیم سرکاری اور نجی عمارتوں اور شاہراہوں کے چراغاں اور سجاوٹ کے ذریعے منائیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی ادارے، بشمول تعلیمی و کاروباری ادارے اور میڈیا ہاؤسز بھرپور شرکت کرتے ہوئے حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق امن، روداری اور اخوت کو فروغ دیں۔
قرداد کے مطابق یہ ایوان حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی سنت و سیرت کے فروغ کا عزم کرتا ہے اور پوری قوم سے اپیل کرتا ہے کہ اس بابرکت موقع کو نہایت عقیدت و احترام اور اتحاد کے ساتھ منائے۔