پاکستان

وفاق نے 24 سرکاری ملکیتی اداروں کو نجکاری کمیشن کے حوالے کر دیا، وزیرِ خزانہ

ابتدائی طور پر 8 ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری مکمل کر رہے ہیں، سرکاری ادارے 5.89 ٹریلین کےخسارے میں ہیں، محمد اورنگزیب

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) جو محصولات جمع کرتا ہے وہ ریاستی ملکیتی ادارو ں پر ضائع ہو جاتا ہے لہذا 24 اداروں کو نجکاری کمیشن کے حوالے کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئےکہا کہ معیشت میں پرائیویٹ سیکٹر کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، ابتدائی طور پر 24 ریاستی ملکیتی اداروں میں سے 8کی نجکاری مکمل کرنےکی کوشش کر رہےہیں، سرکاری ادارے 5.89 ٹریلین کےخسارے میں ہیں۔

انہوں نےکہا کہ گزشتہ برس جو ریوینیو اکٹھا ہوا اس میں سے ہی یہ نقصان ہوا ہے، حکومت سرکاری اداروں سے متعلق ریفارمز کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کافی ڈسکوز کو اسی طرز پر لے جانے سے فائدہ حاصل ہوا ہے، منافع دینے والے ریاستی ملکیتی اداروں کو بھی نجے شعبے کے سپرد کرنا اچھا اقدام ہوگا۔

وفاقی وزیرِ خزانہ نے سندھ حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا اچھا ماڈل بنایا ہے۔