پاکستان

خونی ڈمپرز کراچی میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں، تدارک کیلئےصوبائی حکومت قانون سازی کرے، گورنر سندھ

حادثے کے بعد معاملے کو لسانیت کا رنگ دیا گیا، جب انسانیت ختم ہوتی ہے تو لسانیت جنم لیتی ہے، یہ حادثات پٹھان، سندھی یا مہاجروں کا جھگڑا نہیں ہے بلکہ کھلی دہشت گردی ہے۔ کامران ٹیسوری

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ خونی ڈمپر شہر میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں، سندھ حکومت اس کی روک تھام کے لیے قانون سازی کرے، یہ نہ ہو کہ کہیں دیر ہو جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے 10 اگست کو راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے بہن بھائی اور واقعے میں زخمی والد شاکر کے گھر نیو کراچی جاکر اظہار تعزیت کی، انہوں نے مرحومین کے لیے دعائے مٖغفرت کے ساتھ ساتھ زخمی شخص سے نجی ہسپتال میں علاج کروانے کا وعدہ بھی کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے واقعےکو افسوسناک اور دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی ہمیں نہ بتائے کہ بدمعاشی کیسے کرنی ہے، ہمیں کسی نے ٹھیک نہیں کیا ہم خود ٹھیک ہوئے ہیں، ڈمپر شہر میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں، سندھ حکومت اس کی روک تھام کے لیے اقدامات اُٹھائے۔

کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ کسی کی گاڑی نہیں جلانی چاہئے لیکن ایس او پیز بنانی ہوگی، جس ڈمپر ڈرائیور نے نوجوان بہن بھائی کو روندا، اس کے پاس لائسنس بھی نہیں تھا، کچلا جانے والا شہری کسی بھی قومیت سے ہوسکتا ہے، ایک حادثے کے بعد دوسرے کا انتظار کیا جاتا ہے اور کوئی اقدامات نہیں ہوتے۔

ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد معاملے کو لسانیت کا رنگ دیا گیا، جب انسانیت ختم ہوتی ہے تو لسانیت جنم لیتی ہے، یہ حادثات پٹھان، سندھی یا مہاجروں کا جھگڑا نہیں ہے بلکہ کھلی دہشت گردی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ حادثات امن کا قتل اور دہشت گردی ہیں، میں ٹرالر ایسوسی ایشن کے بھائیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں میرے پاس اور ہم طے کرتے ہیں کہ جو ٹرالر یا ڈمپر کچلے گا اُس کی ذمہ دار ایسوسی ایشن ہوگی۔

گورنر سندھ نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے، جس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ہم اس کے لیے لائحہ عمل طے کریں گے، چور پولیس کے کام سے فساد شروع ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ اس حادثے کے بعد مشتعل افراد نے راشد منہاس روڈ پر لکی ون کے قریب 7 ڈمپروں کو آگ لگادی تھی۔

ڈمپروں کو جلائے جانے پر ٹرانسپورٹرز نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹریلر اور ڈمپر کھڑے کرکے سپرہائی وے سہراب گوٹھ پر احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔