پاکستان

خیبرپختونخوا: ضلع باجوڑ میں عام کرفیو ختم، معمولات زندگی بحال، بازار کھل گئے

خار، ناواگئی، عنایت کلی اور دیگر علاقوں سے کرفیو اٹھا لیا گیا، مخصوص علاقوں میں کرفیو بدستور برقرار رہے گا، باجوڑ میں جرگہ پھر متحرک، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس جاری۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں عام کرفیو ختم کردیا گیا تاہم مخصوص علاقوں میں کرفیو بدستور نافذ ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ باجوڑ میں خار منڈا روڈ، ناواگی، عنایت کلی اور خار صادق آباد سمیت دیگر علاقوں سے کرفیو اٹھا لیا گیا ہے، جس کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں، تمام بازار اور تجارتی مراکز کھل گئے ہیں۔

دوسری جانب باجوڑ مین ایک مرتبہ پھر جرگہ متحرک ہوگیا، باجوڑ پریس کلب میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل جرگہ جاری ہے۔

ضلع بھر میں عام کرفیو کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، روزمرہ کی ضرورت کی اشیا تک عوام کی رسائی محدود ہوگئی تھی جس کے بعد مقامی عمائدین نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

یاد رہے کہ ضلع کے شورش زدہ علاقوں میں شدت پسندوں کی افغانستان واپسی کے لیے مقامی عمائدین نے ان سے مذاکرات کیے تھے، بات چیت کے 7 ادوار میں عمائدین کی جانب سے کوئی پیشرفت نہیں کی جاسکی، یوں یہ مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مخصوص علاقوں میں ’آپریشن سربکف‘ کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا تھا، اس دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پورے ضلع میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا، تاہم آج عام کرفیو کا نفاذ واپس لے لیا گیا ہے جس کے بعد صرف آپریشن کا ہدف بننے والے علاقوں میں کرفیو برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اسپورٹس کمپلیکس میں بے گھر افراد میں ناشتہ تقسیم

دوسری جانب آج صبح ضلعی اسپورٹس کمپلیکس باجوڑ کے بے گھر ہونے والے افراد (آئی ڈی پیز) میں ناشتہ بھی تقسیم کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں مقیم آئی ڈی پیز کے لیے ناشتہ تقسیم کیا۔

اے اے سی نے خود تقسیم کے عمل کی نگرانی کی اور تمام ٹینٹس تک ناشتہ کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا تاکہ متاثرین کی ضروریات فوری طور پر پوری کی جا سکیں اور ان کی روزمرہ کی سہولیات کا خاص خیال رکھا جا سکے۔