معرکہ حق کی فتح سے آزادی کا جشن منفرد اور دوبالا ہو گیا، عطااللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اس سال آزادی کی تقریبات یادگار ہوں گی، شکرپڑیاں پر شاندار تقریب کا اہتمام ہوگا جبکہ معرکہ حق کی فتح سے آزادی کا جشن منفرد اور دوبالا ہو گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے معرکہ حق میں دشمن کو مات ہوئی، معرکہ حق میں فتح سے آزادی کا جشن دوبالا ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جشن بھارت کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ زندہ قومیں فتح کی خوشی کس طرح مناتی ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آزادی کا احساس اور آزاد فضاؤں میں سانس لینا نعمت سے کم نہیں، بچوں سے لے کر بزرگوں تک ہر ہاتھ میں سبزہلالی پرشم لہرارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختلافات سے بالاتر ہوکر ہم سب بطور پاکستانی جشن منارہے ہیں، اس سال آزادی کی تقریبات یادگار ہوں گی، شکرپڑیاں پر شاندار تقریب کا اہتمام ہوگا۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ یہ تاریخی موقع پاکستان کے اتحاد،عزم اورحوصلے کی علامت ہے، پوری قوم کو جشن آزادی اور معرکہ حق کی فتح مبارک ہو۔