پاکستان

سرکاری اسکیم کے تحت حج 2026 کیلئے وزارت مذہبی امور کو 95 ہزارسے زائد درخواستیں موصول

پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر اب تک 95 ہزار 100 افراد نے سرکاری اسکیم کے تحت درخواستیں دے دی ہیں جبکہ 23 ہزار کی تعداد اب بھی باقی ہے، ترجمان

وزارت مذہبی امور کو حج 2026 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت 95 ہزار 100 افراد کی درخواستیں موصول ہو گئیں، درخواستوں کی وصولی 16 اگست تک جاری رہے گی۔

سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور عمر بٹ نے بتایا کہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر اب تک 95 ہزار 100 افراد نے سرکاری اسکیم کے تحت درخواستیں دے دی ہیں جبکہ 23 ہزار کی تعداد اب بھی باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 16 اگست تک درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری رہے گا، جو افراد بھی درخواست دینا چاہیں وہ اپنے متعلقہ بینک میں جا کر یا وزارت مذہبی امور کےآن لائن پورٹل پرجا کر اپنی حج کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کا رواں سال حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد کا ہے، حج پالیسی کے تحت 70 فیصد افراد سرکاری اسکیم اور 30 فیصد افراد پرائیویٹ اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے-

گزشتہ ماہ وفاقی کابینہ نے باضابطہ طور پر حج پالیسی 2026 کی منظوری دی تھی، جس میں حج سیزن کے لیے اہم طریقہ کار، مالی اور لاجسٹک اقدامات بیان کیے گئے تھے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے لیے کل ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ مختص کیا ہے، (ایک لاکھ 19 ہزار 210 سرکاری اسکیم کے تحت اور 60 ہزار نجی آپریٹرز کے لیے) جو سعودی حکام کی حتمی منظوری سے مشروط ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیم میں روایتی 38 تا 42 روزہ پیکج کے ساتھ ساتھ مختصر 20 تا 25 روزہ آپشن بھی دیا جائے گا۔

تخمینی اخراجات 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان ہوں گے، جو سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر منحصر ہوگا۔