پاکستان

ملکی ترقی کیلئے فتنہ فساد پھیلانے والی ذہنیت کیخلاف جنگ جیتیں گے، مریم نواز

ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، بھارت کیخلاف تاریخی کامیابی سے دنیا کے نقشے پر ایک نیا پاکستان ابھرا، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معرکہ حق میں بھارت کو شکست دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک کو بہتر بنانے کی جنگ ہوگی اور ملکی ترقی کیلئے فتنہ فساد پھیلانے والی ذہنیت کےخلاف جنگ جیتیں گے۔

لاہور میں جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر صوبائی و ضلعی اعلیٰ حکام بھی بڑی تعداد میں تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی سے دنیا کے نقشے پر ایک نیا پاکستان ابھرا۔

انہوں نے کہا کہ اس بار 14 اگست کا جوش و جذبہ ہی کچھ اور ہے، آج کا دن خصوصی طور پر شہدا کے نام ہے، پاکستان کے ان بیٹوں کے نام جنہوں نے اپنی جانوں سے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن افواجِ پاکستان کے نام ہے، جنہوں نے سینہ تان کر وطنِ عزیز کی حفاظت کی، افواجِ پاکستان کے تمام افسران، لیڈر شپ کو اور سپاہیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتی ہوں

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں وعدہ کرتی ہوں کہ عوام کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی، ملکی ترقی کیلئے فتنہ فساد پھیلانے والی ذہنیت کےخلاف جنگ جیتیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرکے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ملکی خودمختاری اور دفاع کیلئے ہم سب سیسہ پلائی دیوار ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرأت مند قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے درخواست کرتی ہوں کہ آج وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عزم کر کے اٹھیں، مزدور، کسانوں، اساتذہ، طلبہ اور سیاست دانوں کو کہنا چاہتی ہو ں کہ سیاسی مخالفت ایک طرف، ہمیشہ وطن کو مقدم رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ قائم اور دائم رہےگا، اللہ تعالیٰ نے عوام کو ایک اور عزت و کامیابی کا دن دیکھنا نصیب کیا، پاکستان ہمیں بہت سی قربانیوں کے بعد ملا ہے۔