خیبرپختونخوا حکومت کا امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 5 افراد شہید
خیبرپختونخوا حکومت کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں مصروف ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے ریسکیو آپریشن میں شریک تھا کہ مہمند پنڈیالی سوکئی پہاڑی پر حادثے کا شکار ہوا، جس میں سوار 5 افراد شہید ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ امدادی ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ اور عملے کے3ارکان سوار تھے، حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر باجوڑ کے بارش متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر جارہا تھا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے کریش ہوا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مختلف اضلاع میں بادل پھٹنے سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی تھی کہ ریسکیو اور ریلیف کی کاروائیوں کیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ ریسکیو کاروائیوں کی خود نگرانی کریں، وزیراعلیٰ نے تمام ضلعی انتظامیہ خصوصاً دیر اور سوات کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی۔