پاکستان

وزیراعظم خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

حکومت کا فوکس ریلیف اور ریسکیو اقدامات پر ہے اور خیبر پختونخوا میں تمام ادارے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کو آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بھرپور امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے اور وہ امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطے کی ہدایت دی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کیا کردیا گیا ہے اور این ڈی ایم اے سے 24 گھنٹے رابطہ برقرار ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم تین بار این ڈی ایم اے کا دورہ کر کے ریلیف و ریسکیو اقدامات کا جائزہ لے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس ریلیف اور ریسکیو اقدامات پر ہے اور خیبر پختونخوا میں تمام ادارے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 40 کے قریب افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں، انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کا پیشگی آگاہی نظام صوبوں کو باقاعدہ معلومات فراہم کر رہا ہے اور این ڈی ایم اے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے۔