پاکستان

لاہور: پلاسٹک جمع کرنے والے 2 نوجوان کچرے کے ڈھیر تلے دب کر جاں بحق

افسوسناک واقعہ ڈیفنس روڈ کے علاقے میں پیش آیا، لڑکے پلاسٹک چن رہے تھے کہ اچانک کچرے کا ڈھیر ان پر آگرا، ریسکیو نے کئی گھنٹے بعد لاشیں نکال لیں۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کوڑے سے پلاسٹک جمع کرنے والے 2 لڑکے کچرے کے ڈھیر تلے دب کر جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد لاشوں کو ملبے تلے سے نکال لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس روڈ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کوڑے سے پلاسٹک جمع کرنے والے 2 نوجوان کچرے کے ڈھیر تلے دب کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری لڑکوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا، اور رات گئے دونوں کی لاشوں کو کچرے سے نکال لیا گیا۔

دونوں لڑکے کوڑے کے ڈھیر سے پلاسٹک کی بوتلیں نکال رہے تھے کہ اچانک کچرے کا ڈھیر ان کے اوپر گر گیا۔

ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والوں میں 16 سالہ افضل اور 15 سالہ عبداللہ شامل ہیں۔ دونوں لڑکوں کی لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔