پاکستان

خیبرپختونخوا: ہزارہ ڈویژن میں نایاب تیندوے کو شہریوں کی جانب سے ہلاک کرنے کا انکشاف

ایبٹ آباد کے علاقے طوئی میں شہریوں کی جانب سے نایاب تیندوے کو زندہ پکڑ کر مار دیا گیا، ہلاک کیا گیا تیندوا ایوبیہ وائلڈ لائف ریزرو کا معلوم ہوتا ہے، مقامی ذرائع

خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن میں نایاب تیندوے کو شہریوں کی جانب سے ہلاک کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن کے شہر ایبٹ آباد کے علاقے طوئی میں شہریوں کی جانب سے نایاب تیندوے کو زندہ پکڑ کر مار ڈالنے کا انکشاف ہو اہے، نایاب تیندوے ایوبیہ وائلڈ لائف نے ریزرو کیے ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایبٹ آباد کے علاقے طوئی میں پیش آیا ہے، جہاں شہریوں کے ہاتھوں نایاب تیندوے کی ہلاکت کے بعد نایاب جانوروں کے تحفظ پر سوالات نے جنم لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نایاب قسم کے تیندوے ایوبیہ وائلڈ لائف والوں نے ریزرو کر رکھے ہیں، مارا گیا نایاب تیندوا وائلڈ لائف ایوبیہ کا معلوم ہوتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقامی باشندوں نے نایاب تیندوے کے گلے میں رسی ڈال کر اسے گھسیٹا، لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی، تاہم وائلڈ لائف کی ٹیم تیندوے کو بازیاب کروا کر اپنے مرکز پہنچی تو چند ہی منٹ بعد نایاب تیندوے کی موت واقع ہوگئی۔