روس کا پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار
روس نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔
سرکاری ٹی وی چینل ’پی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے نام تعزیتی خط میں خیبرپختونخوا میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔
اپنے تعزیتی خط میں ولادیمیر پیوٹن نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہارکیا، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے نیک تمناوں کابھی اظہارکیا ہے۔
قبل ازیں، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار کو کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیاحیٰ کی کال موصول ہوئی، جس میں انہوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ کویتی وزیر خارجہ نے کویت کے ولی عہد صباح الخالد الصباح کی طرف سے شمالی علاقہ جات میں حالیہ سیلابوں کے باعث جانی و مالی نقصان پر گہری تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کویت کی حکومت اور بھائی چارے کے جذبے سے سرشار عوام پاکستان کے اس مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوامیں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورتحال سے 48 گھنٹے میں ہونے والی اموات کی تعداد 340 تک جاپہنچی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کشمیر میں سیلاب نے کم از کم 21 جانیں لے لی ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔