پاکستان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دورہ بونیر، جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 20،20 لاکھ روپے کا اعلان

علی امین گنڈاپور نے سیلاب سے ہونے والی نقصانات اور امدادی کاروائیوں کا جائزہ لیا، متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سےجانی و مالی نقصانات اور ریلیف سرگرمیوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بونیر کا دورہ کیا اور انہوں نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 20، 20 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور متاثرہ ضلع بونیر پہنچ گئے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور ایم این اے شیر افضل مروت بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سیلاب سے ہونے والی نقصانات اور امدادی کاروائیوں کا جائزہ لیا، متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے وزیر اعلیٰ کو جانی و مالی نقصانات اور ریلیف سرگرمیوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔

علی امین گنڈاپور نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات بھی کی، تعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام بھی بونیر میں ہی موجود تھے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوامیں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورتحال سے 48 گھنٹے میں ہونے والی اموات کی تعداد 340 تک جاپہنچی ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کشمیر میں سیلاب نے کم از کم 21 جانیں لے لی ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔