پاکستان

ہری پور: ایمبولینس کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے بچی جاں بحق، والدین زخمی

سکندری پور کے قریب ایمبولینس نے پیچھے سے موٹرسائیل کو ٹکر ماری، 6 ماہ کی فاطمہ ایمبولینس کے ٹائروں کے نیچے آنے کے بعد موقع پر ہی دم توڑ گئی، ترجمان پولیس

خیبر پختونخوا کے شہر ہری پور میں سکندری پور کے قریب اتوار کو ایک تیز رفتار ایمبولینس نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں میاں بیوی زخمی اور ان کی 6 ماہ کی بیٹی جاں بحق ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق مقامی پولیس نے زخمی محمد یاسین کے حوالے سے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ ثمینہ بی بی اور 6 ماہ کی بیٹی فاطمہ بی بی کے ساتھ موٹر سائیکل پر ہری پور جارہے تھے۔

محمد یاسین کا کہنا تھا کہ جب ہم مصروف چھپر روڈ پر سکندری پور کے قریب پہنچے تو ایمبولینس نے ہمیں پیچھے سے ٹکر مار دی۔

ہری پور کے ضلعی پولیس افسر کے ترجمان حسن خان نے بتایا کہ فاطمہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی اور میاں بیوی کو معمولی چوٹیں آئیں۔

عینی شاہد ہادی خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ایمبولینس کے ٹائروں کے نیچے آنے کے بعد بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

زخمی جوڑے اور بچی کی لاش کو ہری پور ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا، جہاں والدین کو ایمرجنسی طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد ازاں انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

یاد رہے کہ یہ ہری پور سے رپورٹ ہونے والا اس نوعیت کا دوسرا حادثہ تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہفتہ کی شام خانپور روڈ پر ایک اور حادثے میں ایک نومولود جاں بحق اور اس کے والدین زخمی ہوگئے تھے، وہ بھی موٹرسائیکل پر سوار تھے جب ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں پیچھے سے ٹکر ماری۔