پاکستان

کراچی: شاہین فورس کے اہلکاروں نے ویڈیو بنانے پر شہری کو تشدد کا نشانہ بناڈالا

ایس ایس پی سینٹرل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شاہین فورس کے دونوں اہلکار کو معطل کرکے ان کےخلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں شاہین فورس کے اہلکاروں نے ویڈیو بنانے پر ایک شہری کو تشدد کانشانہ بناڈالا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے میں ہوٹل کاؤنٹر پر کھڑے شہری نے پولیس اہلکاروں کی ویڈیو بنائی جو ان سے برداشت نہ ہوئی اور انہوں نے پہلے شہری سے موبائل طلب کیا نہ دینے پر اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر ایس ایس پی سینٹرل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کانسٹیبل احتشام اورروشن خان کو معطل کردیا۔

ایس ایس پی سینٹرل نے فوری طور پر واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا اور واقعے کی انکوائری ایس ڈی پی او لیاقت آباد وسیم محمد کے سپرد کردی۔