پاکستان

معاشی ترقی میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہوگا، وزیر خزانہ

سیاحت پاکستان کا نہایت اہم شعبہ ہے، اس کے فروغ کے لیے ہر شعبہ فکر اور مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کا کردار سب سے زیادہ اہم ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کو قیادت کرنا ہوگی، جیسے جیسے معیشت سنبھلتی ہے اور ہم مستقل ترقی کی طرف بڑھتے ہیں، ملک کو آگے بڑھانے میں نجی شعبے کا سب سے اہم کردار ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آج کے دور میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی وجہ سے ترقی کے کئی نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، لیکن انسانوں کے لیے محنت کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاحت پاکستان کا نہایت اہم شعبہ ہے اور اس کے فروغ کے لیے ہر شعبہ فکر اور مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ سیاحت میں بہت سے نئے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔