پاکستان

کراچی: لانڈھی میں ٹرک جلانے کے مقدمے میں گواہوں کا آفاق احمد کو شناخت کرنے سے انکار

علم نہیں کہ آفاق احمد کی ایما پر ٹرک/ڈمپر کو نذرآتش کیا گیا تھا، ہم نے آفاق احمد کےخلاف بیان نہیں دیا، پولیس نے سادہ کاغذ پر دستخط لیے تھے، مدعی اور دیگر گواہوں کا عدالت میں بیان۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) میں لانڈھی میں ٹرک/ڈمپر نذر آتش کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، مدعی مقدمہ دانش سمیت 3 گواہوں نے چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کو شناخت کرنے سے انکار کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کی اے ٹی سی میں لانڈھی میں ٹرک/ڈمپر نذر آتش کرنے کے مقدمے کی سماعت کے دوران آفاق احمد اور دیگر ملزمان پیش ہوئے، دوران سماعت گواہاں نے عدالت میں انکشاف کیا کہ انہوں نے آفاق احمد کے خلاف مقدمے کا اندراج یا کوئی بیان نہیں دیا تھا۔

مدعی مقدمہ دانش سمیت 3 گواہان پولیس کو دیے گئے بیانات سے مکر گئے، گواہان نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں علم نہیں کہ آفاق احمد کی ایما پر ٹرک/ڈمپر کو نذرآتش کیا گیا تھا۔

گواہان نے بیان دیا کہ آفاق احمد کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرایا، آفاق احمد کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، پولیس نے سادے کاغذ پر دستخط لیے تھے۔

مدعی مقدمہ دانش، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 5 گواہوں کے بیانات قلم بند کرلیے گئے، عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو طلب کرلیا۔

عدالت نے سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی۔

استغاثہ کے مطابق آفاق احمد پر آڈیو میسج کے ذریعے کارکنوں کو اکسانے کی کوشش کا الزام ہے، آفاق احمد کی ایما پر ایک کنٹینر بھی نذر آتش کیا گیا تھا، کنٹینر سے چینی کی بوریاں بھی چوری ہوئیں، ملزمان نے تسلیم کیا کہ کنٹینر جلانے کا حکم آفاق احمد نے دیا تھا۔

آفاق احمد و دیگر کے خلاف لانڈھی تھانے میں مقدمہ درج ہے۔