کراچی: مون سون اسپیل سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل کرلیے، سعید غنی
سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ پیر کے روز کراچی کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد مون سون کے جاری اسپیل سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی کا کہنا تھا کہ حالیہ مون سون کے اسپیل کے دوران سندھ، خاص طور پر کراچی میں شدید بارشوں کے امکانات ہیں اور شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جو بھی انسانی بس میں ہے، جو کوئی فرد، حکومت یا ادارہ کرسکتا ہے، ہم نے وہ انتظامات کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بارش سے متعلق تیاریوں کے حوالے سے پہلے بھی ہدایات جاری کی گئی تھیں اور آج کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے بھی وہی احکامات دیے ہیں۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ بلدیاتی کونسلوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے وسائل بروئے کار لائیں اور خاص طور پر ان علاقوں میں انتظامات کریں جو بارش میں ہمیشہ شدید مسائل کا شکار ہوتے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں۔
انہوں نے عوام اور اپوزیشن جماعتوں سے درخواست کی کہ مشکل وقت میں تنقید سے گریز کریں اور عوام کی مدد پر توجہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد میں آپ جو بھی کمی دیکھیں اس پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن جب کوئی مشکل وقت ہو تو میرے خیال میں ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے دوران 6 افراد چھت گرنے، کرنٹ لگنے اور ڈوبنے کے واقعات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔