سیلابی صورتحال: علی امین گنڈاپور کی متاثرہ افراد کیلئے معاوضوں کی ادائیگی جلد مکمل کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے معاوضوں کی ادائیگی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلد نجی املاک بشمول مال مویشی اور دکانوں کے نقصانات کا سروے مکمل کیا جائے۔
ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا میں موجودہ سیلابی صورتحال پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران شرکا کو بتایا گیا کہ اس وقت صوبے کے 9 متاثرہ اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی نافذ ہے، ریلیف سرگرمیوں کے لیے ڈیڑھ ارب جب کہ مواصلاتی نظام کی بحالی کے لیے بھی ڈیڑھ ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔
شرکا کو بتایا گیا کہ بھاری مشینری کے ذریعے اب تک مجموعی طور پر 100 متاثرہ سڑکوں کو کلیئر کردیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں 23 ہزار تیار شدہ فوڈ آئٹمز فراہم کیے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں کو 2860 خیمے، 6100 میٹرسز، 2700 ہائی جین کٹس، 4300 کچن آئٹمز بھیجے گئے جب کہ 3100 ترپال، 7400 مچھر دانیاں، 6800 کمبل، 500 گیس سلنڈر اور دیگر اشیا بھی پہنچائی گئی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بونیر کے لیے 2 موبائل ہسپتال اور خصوصی میڈیکل ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں۔
مزید کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں اموات اور زخمیوں کے لیے معاوضے کی فراہمی جاری ہے جبکہ مالی نقصانات کے معاوضوں کی ادائیگیوں کے لیے سروے کا عمل جاری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے معاوضوں کی ادائیگی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلد نجی املاک بشمول مال مویشی اور دکانوں کے نقصانات کا سروے مکمل کیا جائے۔