پاکستان

بارش کے بعد کراچی میں اربن فلڈنگ کی ویڈیوز وائرل

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 19 اگست کو ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر بھر میں اربن فلڈنگ آنے سے روڈ تالاب میں تبدیل ہوگئے۔

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 19 اگست کو ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر بھر میں اربن فلڈنگ آنے سے روڈ تالاب میں تبدیل ہوگئے۔

شہر میں صبح 8 بجے سے رات تک وقفے وقفے سے تیز بارش ہوتی رہی، دوپہر کے وقت سب سے زیادہ وقت تک بارش چلی، جس سے شہر کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش کورنگی میں207، گلشن رومی 203، گلشن حدید 200،ملیر سعود آباد 182 اور جناح ایوینیو میں 172 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

شہر کے دیگر علاقوں میں بھی شدید بارش ہونے سے سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوگئیں جب کہ پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

شدید بارش کے بعد شہر میں اربن فلڈ کی صورتحال بن گئی اور سوشل میڈیا پر شہر بھر کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

سیلابی صورت حال کے پیش نظر کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ کاروبار بھی ٹھپ ہوگیا، زیادہ تر لوگ دفاتر بھی نہیں جا سکے۔

بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیاں گھنٹوں تک پھنسی رہیں جب کہ دفاتر جانے والے افراد کو گھر واپس ہونے میں بھی مشکلات پیش آئیں۔