ٹریفک جام کے باعث ریلیف کی سرگرمیوں میں مشکلات ہیں، مرتضٰی وہاب
میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ ٹریفک جام کے باعث ریلیف کی سرگرمیوں میں مشکلات ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق میئر کراچی طوفانی بارش کے بعد شہر کے دورے پر نکل پڑے، ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا نرسری پر پہنچا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ان نالوں کی بروقت صفائی کی تھی، جس کی وجہ سے آپ دیکھ سکتے ہیں کہ پانی کس رفتار سے گزر رہا ہے۔
مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ میں لوگوں سے یہ درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ موسلا دھار بارش 6 گھنٹے تک ہوئی ہے، مزید کہا کہ ہم ٹریفک کا چیلنج ہے، جس کی وجہ سے مشینری پہنچنے میں دقت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کی گئی ہے، ہمیں کچھ کچھ جگہوں پر مسائل آ رہے ہیں، جنہیں حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں شہریوں سے یہ گزارش کروں گا کہ جہاں ہیں وہیں پر رہیں تاکہ ہماری ٹیمیں ان جگہوں پر پہنچ سکیں اور جو بھی مسائل ہیں، ان حل کیا جاسکے۔