پاکستان

کراچی: بارش کے بعد بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، کئی علاقے 2 روز بعد بھی بجلی سے محروم

نارتھ ناظم آباد بلاک اے، گلستان جوہر بلاک 9، نانک واڑہ، یوسف گوٹھ، رامسوامی میں بھی بجلی بند، سعود آباد، خداکی بستی، ابراہیم حیدری، شانتی نگر اور دیگر علاقوں میں بھی بجلی غائب

کراچی میں بارش کے بعد بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا اور کئی علاقے 2 روز بعد بھی بجلی سے محروم ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق منگل کو ہونے والی بارش کے بعد سے کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن جاری ہے، کئی علاقے دو روز بعد بھی بجلی سے محروم ہیں۔

نارتھ ناظم آباد بلاک اے، گلستان جوہر بلاک 9، نانک واڑہ، یوسف گوٹھ اور رامسوامی میں تاحال بجلی بند ہے۔

ملیر سعود آباد، خداکی بستی، ابراہیم حیدری، شانتی نگر، اسٹیڈیم روڈ، کیماڑی اور اعظم بستی بھی بجلی غائب ہے، بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئیں۔

گزشتہ روز کے الیکٹرک حکام نے شہر کے 94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس علوی نے کہا تھا کہ منگل کی شام 6 بجے تک شہر کے 94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ شہر میں 130 سے 170 ملی میٹر تک بارش رپورٹ ہوئی جس کے باعث کے الیکٹرک فیلڈ اسٹاف کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔