کراچی میں بادل پھر برس پڑے، شہر میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش
کراچی میں مون سون کے حالیہ اسپیل کے دوران مسلسل تیسرے روز بادل بارس پڑے، شہر میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں شام ہوتے ہی مسلسل تیسرے روز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، شہر میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوا، وہیں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا بھی شروع ہوگیا ہے۔
کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی، احسن آباد، سرجانی ٹاؤن، نیوکراچی ،گلشن معمار اور اسکیم 33 میں بارش ہورہی ہے۔
منگل کی موسلادھار بارش کے بعد زیرآب آنے والی سڑکوں سے پانی کی نکاسی مکمل طور پر نہ ہونے کے باعث مزید بارش سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
طارق روڈ پر انڈر پاس میں پانی بھرنے کی وجہ سے دونوں ٹریک مکمل بند ہیں جب کہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے بھیجا جارہا ہے، قیوم آباد سے کراسنگ جانے والے راستہ ندی نالے کا منظر پیش کر رہا ہے۔
ڈرگ روڈ انڈر پاس پانی بھرجانے کے بعد ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جب کہ انڈر پاس کی بندش سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
سڑک پر پانی موجود ہونے سے بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے جس کے باعث شہریوں کا گزرنا محال ہے جب کہ اردو بازار میں بارش کے بعد ہرطرف کیچڑ اورکچرے کے ڈھیر پھیلے نظر آر ہے ہیں۔
اسی طرح، سندھ ہائی کورٹ اور سندھ سیکریٹریٹ کے باہر بھی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
اس سے قبل، ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم نے بتایا تھا کہ آج شہر بھر میں کل کے مقابلے میں زیادہ تیز بارش ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے امکانات رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق 27 اگست کو ایک اور مون سون سلسلہ کراچی سمیت دیہی سندھ پر اثر انداز ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ مون سون کا موجودہ نظام کل سے بتدریج اپنی شدت کھونا شروع کردے گا۔