کھیل

انٹرنیشنل ایونٹ میں اہلیہ،بیٹی کی بطور آفیشل شرکت، سیکریٹری باڈی بلڈنگ فیڈریشن کو شوکاز نوٹس جاری

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے تھائی لینڈ میں منعقد ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کے ہمراہ سہیل انور کو بطور ہیڈ کو چ اور مینجر جبکہ اہلیہ کے جج اور بیٹی کے ٹیسٹ جج شرکت پر نوٹس جاری کیا۔

پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری سہیل انور تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشین باڈی بلڈنگ مقابلوں میں بیوی اور بیٹی کو بطور آفیشل شرکت کروانے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ ( پی ایس بی) کے ریڈرا پر آگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری سہیل انور تھائی لینڈ میں منعقد 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ اسپورٹس فزیک چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کے ہمراہ خود بطور ہیڈ کو چ اور مینجر بن کر شریک ہوئے، جبکہ ان کی اہلیہ جج اور بیٹی نے ٹیسٹ جج کے طور پر ایونٹ میں شرکت کی۔

ایک ہی گھر سے 3 آفیشلز کے انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ لینے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن سہیل انور کو شوکاز نوٹس جاری کیا، جس میں اُن سے 3 روز میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ فیڈریشن کے سیکریٹری نے اپنی فیملی کو لے جانے میں بظاہر جانبداری اور اقربا پروری کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری سہیل انور نے پی ایس بی کی جانب سے نوٹس ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ایشین چیمپئن شپ میں ٹیم اپنے اخراجات پر بنکاک گئی، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین چیمپئن شپ کیلئے کوئی فند فراہم نہیں کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے شوکاز نوٹس کا جواب تیار کر رہا ہوں، جلد اپنی وضاحت پی ایس بی کو پیش کر دوں گا۔

خیال رہے کہ 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ اسپورٹس فزیک چیمپئن شپ میں 18 سے 25 اگست تک بنکاک تھائی لینڈ میں شیڈول ہے۔