ایشیائی شوٹنگ چیمپئن شپ میں نوجوان پاکستانی شوٹر مہر خالق کا شاندار ڈیبیو
قازقستان کے شہر شمکینٹ میں جاری ایشیائی شوٹنگ چیمپئن شپ میں نوعمر پاکستانی شوٹر مہر خالق نے شاندار ڈیبیو کیا اور خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں 54 کھلاڑیوں میں سے ٹاپ 20 میں جگہ بنائی۔
انہوں نے مجموعی اسکور 627.9 کے ساتھ 18ویں پوزیشن حاصل کی، ان کی سیریز کا بریک ڈاؤن یوں رہا: 103.2، 104.1، 104.2، 105.1، 104.8، 106.5، یعنی کُل 627.9۔
واضح رہے کہ صرف ٹاپ8 کھلاڑی ہی فائنل راؤنڈ تک پہنچ پاتے ہیں۔
مہر کا اگلا ایونٹ 10 میٹر ایئر رائفل مکسڈ ٹیم ہے جس میں ان کے پارٹنر سلیمان خان ہوں گے۔
بھارت کی تجربہ کار شوٹر ایلاوینل والاریوان نے اس ایونٹ میں 253.6 اسکور کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، وہ گزشتہ سال اسی ایونٹ میں سلور میڈل جیت چکی تھیں اور اس وقت خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل میں عالمی رینکنگ پر 11 ویں نمبر پر ہیں۔
چین کی ژِن لو پینگ نے صرف معمولی فرق سے پیچھے رہ کر 253.0 اسکور کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ جنوبی کوریا کی ایون جی کوان نے 231.2 اسکور کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔
ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ 16 اگست سے 30 اگست تک قازقستان کے شہر شِمکینٹ میں جاری ہے۔
مہر خالق کی شاندار کارکردگی کے باوجود پاکستان کے لیے میڈل کی امیدیں اب تک پوری نہیں ہو سکیں کیونکہ ملک کے سرفہرست شوٹرز اپنے ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی سب سے بڑی امید اولمپیئن کشمالہ طلعت تھیں، جو خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 11ویں نمبر پر رہ کر فائنل میں جگہ بنانے سے محروم رہیں۔
جمعرات کو مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں خان نے 48 کھلاڑیوں میں سے 37ویں پوزیشن حاصل کی، ان کا کُل اسکور 618.0 رہا، جس کی تفصیل یوں تھی: 102.6، 103.4، 101.9، 102.6، 103.1، 104.4۔