شاہراؤں پر بارش کا جمع پانی، کراچی سمیت سندھ بھر میں آئل ٹینکرز کی سپلائی متاثر ہے، میر شمس شاہوانی
چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث آئل ٹینکرز کی سپلائی متاثر ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آئل ٹینکرز کی سپلائی متاثر ہے، راستے کلئیر ہونے کے بعد ہی سپلائی ممکن ہوسکے گی۔
میر شمس شاہوانی کا کہنا تھاکہ پاکستان بھر کو فیول کی سپلائی کراچی سے کی جاتی ہے، حکومت سندھ کے عملی اقدامات تک پاکستان بھر میں سپلائی متاثر رہےگی۔
واضح رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں دن بھر ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کر دیا تھا، ڈان نیوز کے مطابق طوفانی بارش سے 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے اور مرکزی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، شاہراہ فیصل پر نرسری، فیصل بیس، نیشنل ہائی پر قائد آباد اور قذافی ٹاؤن کے اطراف سڑکوں پر گھٹنوں گھٹنوں پانی کھڑا ہوگیا تھا، ملیر لیاقت مارکیٹ سمیت کئی علاقوں میں گھروں میں کئی کئی فٹ پانی داخل ہوا۔
مختلف شاہراؤں پر سفر کرنے والے شہریوں کی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بارش کے جمع پانی میں بند ہوئیں، جس سے ٹریفک کا نظام بھی بُری طرح متاثر ہوا، شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں کرنے پر مجبور ہوئے۔