پاکستان

سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں، سڑکوں اور بجلی کی بحالی کی صورتحال تسلی بخش ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

وزیراعظم کی زیرصدارت سیلابی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا، پاک فوج مقامی رضاکاروں کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے، عطاء اللہ تارڑ؛ موسم سے متعلق مسلسل الرٹ کیا جارہا ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت سیلابی صورتحال پر جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں، سڑکوں اور بجلی کی بحالی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نےچیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت سیلابی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہو اجس میں وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں،سڑکوں اور بجلی کی بحالی کی صورتحال تسلی بخش ہے، رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بحال کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بحالی کے نظام میں بہتری آئی ہے، اور پاک فوج مقامی رضاکاروں کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ارلی وارننگ سسٹم میں بہتری لائی گئی ہے اور موسم سے متعلق مسلسل الرٹ کیا جارہا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نےمزید کہا کہ ریسکیو میں حصہ لینے والی این جی اوز کے بھی شکرگزار ہیں۔