پاکستان

حکومت سندھ کا خواتین کو 10 ہزار الیکٹرک موٹرسائیکل مفت دینے کے منصوبےکا آغاز

صنعتوں میں کام کرنے والی خواتین کو مفت الیکٹرک بائیک دی جائیں گی، جس کا فیصلہ ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

خواتین کوبااختیار بنانے کیلئے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ نے 10 ہزارمفت الیکٹرک موٹرسائیکلوں کے منصوبےکا آغاز کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ابتدائی طور پر صنعتوں میں کام کرنے والی خواتین کو 10 ہزار مفت الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، جس کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

سندھ ورکرز ویلفیئربورڈ کے مطابق الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ ڈیجیٹل قرعہ اندازی سے ہوگا، 20 سے 45 برس کی صنعتی مزدور خواتین اس اسکیم کے لیے اہل ہوں گی جبکہ اسکیم کے لیے 20 فیصد اقلیتی کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔

الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے حصول کے لیے درخواستیں سندھ ورکرز ویلیفیئربورڈ کی ویب سائٹ پر جمع کروائی جا سکتی ہیں۔

اہلیت کا معیار

درخواست کیسے جمع کروائیں ؟

اہل خواتین ڈبلیو ڈبلیو بی ایس کے پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتی ہیں، جمع کروائی گئی درخواستوں کی تصدیق ای او بی آئی/سیسی اور آجر کے سرٹیفکیٹ کے ذریعے کی جائے گی۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر محنت شاہد عبدالسلام تھہیم نے کہا کہ الیکٹرک موٹر سائیکل اسکیم کا سہرا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے۔

انہوں نےکہا کہ یہ اسکیم لاگت میں کمی، حفاظت میں بہتری، آلودگی کے اخراج میں کمی اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔