کراچی: بارش کے دوران خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والا ملزم گرفتار
ویڈیو وائرل ہونے پر ملزم کےخلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، شناخت محب اللّہ کے نام سے ہوئی، گرفتاری کے بعد شامل تفتیش کرلیا گیا، پولیس حکام
کراچی کے علاقے جمشید کوارٹرز کے قریب بارش کے دوران خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزم کی گزشتہ روز شدید بارش کے دوران ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک شخص کو راہ چلتی خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرتے دیکھا جاسکتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو وائرل ہونے پر ملزم کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کی شناخت محب اللّہ کے نام سے ہوئی ہے، گرفتاری کے بعد ملزم کو شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔