پاکستان

سندھ: بلاول بھٹو کا سیلاب متاثرین کے گھروں میں سولر سسٹم لگانے کا اعلان

پیپلزپارٹی اپنا وعدہ پوراکررہی ہے، سندھ حکومت بڑے منصوبوں پر کام کررہی ہے، عوام کی مشکلات میں کمی لانے کیلئے نئے منصوبے لارہے ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی کا تقریب سے خطاب

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے سیلاب متاثرین کے گھروں میں سولر سسٹم لگانے کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے شہر لاڑکانہ کے علاقے کی یونین کونسل وارث ڈینو کا دورہ کیا.

اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بروہی کمیونٹی کے گاؤں خیر محمد بروہی بھی گئے اور سیلاب متاثرین کے لیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے تحت بننے والے مکمل اور زیر تعمیر گھروں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے رتوڈیرو میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم گھروں کے مالکان اسناد دینے کی تقریب میں بھی شرکت کی جب کہ یونین کونسل و ارث ڈنو کے گاؤں خیرمحمد بروہی میں مالکانہ اسناد دی گئیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے گاؤں خیرمحمد بروہی کے مختلف گھروں میں جاکر مکینوں سے حال احوال دریافت کیے، مکینوں نے اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے تقریب کے دوران سیلاب متاثرین سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے اور گاؤں خیر محمد بروہی کے مکینوں کے مسائل کے حل کے لئے فوری ہدایات جاری کیں۔

تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اپنا وعدہ پوراکررہی ہے، سندھ میں کافی لوگوں کو گھر مل گئے ہیں اور کچھ گھر زیر تعمیر ہیں۔

انہوں نے سیلاب متاثرین کے گھروں میں سولر سسٹم لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے گھروں میں سولر سسٹم کے ساتھ واش روم بھی بنائیں گے ، بینظیر بھٹو کا وعدہ تھا کہ عوام کو روٹی کپڑ اور مکان دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بڑے منصوبوں پر کام کررہی ہے، عوام کی مشکلات میں کمی لانے کیلئے نئے منصوبے لارہے ہیں، سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ جلد سے جلد گھروں کی تعمیر مکمل کی جائے۔