بلوچستان: ضلع واشک کے علاقے بسیما سے گولیوں سے چھلنی 4 لاشیں برآمد
مقامی رہائشیوں کی اطلاع پر لاشیں ضلعی ہسپتال منتقل کیں، نا معلوم افراد نے قتل کرکے ویران مقام پر پھینک دیا تھا، فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، پولیس
بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے بسیما میں ویران مقام سے گولیوں سے چھلنی 4 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ مقامی رہائشیوں نے انتظامیہ کو علاقے میں 4 لاوارث لاشوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع دی، پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے ڈاکٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام چاروں لاشوں پر متعدد گولیوں کے نشانات تھے، جو ان کی موت کا سبب بنے، بتایا جاتا ہے کہ نامعلوم افراد نے ان افراد کو قتل کر کے لاشوں کو ویران مقام پر پھینک دیا تھا۔
ہلاک شدگان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ سوراب کے علاقے سے تعلق رکھتے تھے۔