کھیل

تیسرا ون ڈے: آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو ریکارڈ 276 رنز سے شکست دیدی

آسٹریلیا نے کیمیرون گرین، ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش کی شاندار سنچریوں کی بدولت 431 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی ٹیم 25 ویں اوور میں صرف 155 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا نے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں جنوبی افریقہ کو ریکارڈ 276 رنز سے شکست دے دی۔

میکے میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 431 رنز بنائے۔

کینگروز کی جانب سے 3 بیٹرز کیمیرون گرین، ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش نے سنچریاں اسکور کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کی پوری ٹیم 25 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلوی اوپنرز مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی مہمان ٹیم کے باؤلرز پر لاٹھی چارج شروع کیا۔

دونوں بیٹرز نے جنوبی افریقہ کیخلاف ریکارڈ 250 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی، ٹریوس ہیڈ 142 اور مچل مارش 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بیٹر کیمیرون گرین نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور صرف 55 گیندوں پر برق رفتار 118 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جب کہ الیکس کیری بھی 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی بیٹرز میدان میں آتے ہی گھبرا گئے اور صرف 22 رنز پر مہمان ٹیم کے 5 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔

وقت فوقتاً پروٹیز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 25 ویں اوور میں 155 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ یہ واقعی ایک زبردست دن تھا، بیٹرز نے شاندار پرفارمنس دی، لیکن جنوبی افریقہ کو کریڈٹ دینا چاہیے کہ انہوں نے پہلے 2 میچز میں شاندار کھیل پیش کیا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے اپنے فاسٹ باؤلرز نانڈرے برگر اور لنگی نگیدی کو آرام دیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی سیکنڈ اسٹرنگ باولنگ لائن اپ کو آسٹریلوی بیٹرز نے تہس نہس کر دیا۔

جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 98 رنز اور دوسرے مقابلے میں 84 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔