پرنس رحیم آغا خان کا گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
اسمٰعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے نام لکھے گئے اپنے خط میں گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کی بحالی میں مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پرنس رحیم آغا خان کا یہ خط اسمٰعیلی فرقے کی تنظیم کے علاقائی عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کو پیش کیا۔
پرنس رحیم آغا خان نے خط میں گلگت کی تحصیل دنیور میں سیلاب سے متاثرہ کمیونٹی کو پانی کی بحالی کے کام کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے جاں بحق ہونے والے 7 رضاکاروں کے واقعے کو تکلیف دہ قربانی قرار دیا۔
پرنس رحیم آغا خان نے جانیں قربان کرنے والوں کے دائمی سکون اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر کی دعا کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان میں موجود آغا خان ترقیاتی نیٹ ورک (اے کے ڈی این) اور ایجنسیاں، حکومت اور مقامی کمیونٹیز کے ساتھ مل کر سیلاب سے ہونے والے نقصانات میں بحالی اور مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بحالی کا کام گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور اے کے ڈی این کے اداروں کی رہنمائی میں ہوں گے۔
پرنس رحیم آغا خان نے اپنے وزیر اعلیٰ کی طرف سے 24 جولائی کو مدد کے لیے لکھے گئے خط کے جواب میں کہا ہے کہ متاثرین سیلاب کے دکھوں کو کم کرنے کے لیے اجتماعی امدادی کوششیں عمل میں لائی جائے، انہوں نے نیک جذبات کے اظہار کے ساتھ فوری بحالی اور تعمیر نو کی امید ظاہر کی۔