سندھ ہائیکورٹ: غیر قانونی تعمیرات کے کیس میں جرمانہ معاف کرنے کی درخواست مسترد
سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس میں جرمانے کی معافی کی درخواست مسترد کردی، عدالت عالیہ نے درخواست گزار پر اظہار برہمی کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے فوری جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 2 لاکھ روپے جرمانے کی رقم معاف کی جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ جرمانہ ادا کریں ورنہ جرمانے کی رقم دوگنا کردیں گے۔
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ آپ کو صبح صبح کوئی اور نہیں ملا جو سندھ ہائی کورٹ چلے آئے، عدالت کا وقت ضائع کیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ میں قسم کھا رہا ہوں، میرے گھر کے سامنے غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہیں۔
عدالت نے کہا کہ قسم نہ اٹھائیں، ہم نے جھوٹی قسم اٹھاتے بہت لوگ دیکھے ہیں۔
بعد ازاں عدالت عالیہ نے جرمانہ معاف کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔